تمام سفارتخانوں اور غیرملکیوں کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے،افغان سرزمین دہشتگردی کیلئے استعمال نہیں کرنے دیں گے، تمام سیاسی جماعتوں پر مشتمل افغان حکومت تشکیل دیں گے، خواتین کو کام کی اجازت ہوگی۔ترجمان افغان طالبان کی پریس کانفرنس
کابل( اخبارتازہ ترین۔17 اگست2021ء) افغان طالبان کے عسکری ونگ کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ سربراہ افغان طالبان کے حکم پر سب کو معاف کردیا، اب کسی سے دشمنی نہیں، تمام سفارتخانوں اور غیرملکیوں کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے،افغان سرزمین دہشتگردی کیلئے استعمال نہیں کرنے دیں گے، تمام سیاسی جماعتوں پر مشتمل افغان حکومت تشکیل دیں گے، اب افغان عوام کی خدمت کا وقت ہے۔
انہوں نے کابل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سب گواہ ہیں افغانستان کو 20 سالہ طویل جنگ کے بعد آزاد کرالیا گیا ہے، سخت مزاحمت کے بعد قابضین کو افغانستان سے نکالا۔ افغان سرزمین دہشتگردی کیلئے استعمال نہیں کرنے دیں گے، آزادی ہر قوم کا بنیاد ی حق ہے، افغانستان کو آزاد کرانا ہماری نہیں پوری قوم کی فتح ہے، طالبان نہیں چاہتے افغانستان میں جنگ جاری رہے، ہم نے 20سال جدوجہد کی ، آج افغانستان کو بڑے چیلنجز کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ امارت اسلامی افغانستان آج سے کسی کے ساتھ دشمنی نہیں رکھے گی، سب کو تسلی دیتے ہیں کسی کو نقصان نہیں پہنچایا جائے گا۔تمام سفارتخانوں کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے۔ افغانستان میں تمام غیرملکیوں کو باعزت طور پر رہنے کا حق ہے، سفارتخانوں کو مکمل سکیورٹی فراہم کریں گے، غیرملکیوں کو اگر تحفظات ہیں تو آگاہ کریں ان کے تحفظات کی تلافی کریں گے، اسلامی اصولوں کے مطابق خواتین کو کام کرنے کی اجازت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ سربراہ افغان طالبان کے حکم پر سب کو معاف کردیا گیا ہے ہم نے ہر اس شخص کو معاف کردیا جو ہمارے خلاف کھڑا تھا، یقین دہانی کراتے ہیں کسی سے کوئی تصادم نہیں ہوگا، یقین دہانی کراتے ہیں افغانستان کسی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا۔ ذبیح اللہ نے کہا کہ افغانستان سیاسی نظام کی تشکیل کیلئے مشاورت جاری ہے، تمام سیاسی جماعتوں پر مشتمل افغان حکومت تشکیل دیں گے۔اقتدار کی منتقلی سے قبل کابل میں داخل نہیں ہونا چاہتے تھے، شہر کو لوٹ مار سے بچانے کیلئے کابل میں داخل ہونا پڑا۔ اب افغان عوام کی خدمت کا وقت ہے،پرامن انتقال اقتدار جلد چاہتے ہیں۔
No comments:
Post a Comment
please do not enter any spam link in the comment box.